25 اپریل ، 2022
وزیراعظم شہبازشریف کے تین روزہ دورہ سعودی عرب کی تیاریاں جاری ہیں اور ابتدائی فہرست کے مطابق وزیراعظم کے دورے میں اتحادی جماعتوں کے قائدین سمیت کُل 53 ارکان شامل ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف کا دورہ سعودی عرب 28 تا 30 اپریل ہوگا، وزیر اعظم کے ہمراہ اتحادی جماعتوں کے سربراہاں اور ارکان اسمبلی بھی ہونگے، مولانا فضل الرحمان، مولانا اسعد محمود، بلاول بھٹو، شگفتہ جمانی بھی وفد میں شامل ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق اخترمینگل، خالد مگسی، خالد مقبول صدیقی اور امیر حیدر خان ہوتی کا نام بھی وفد میں شامل ہے۔
ذرائع کے مطابق شاہ زین بگٹی، اسلم بھوتانی، علی نوازش شاہ، محسن داوڑ، محمود اچکزئی، ڈاکٹر مالک بلوچ اور شاہ اویس نورانی کے نام بھی سعودی عرب جانے والے وفد میں شامل ہیں۔
وزیراعظم کے وفد میں علامہ طاہر اشرفی، سیکرٹری خارجہ سہیل محمود بھی شامل ہے جبکہ وزیراعظم کے ہمراہ ان کا پرسنل اسٹاف اور سکیورٹی اسٹاف بھی ہوگا، وزیراعظم کے فیملی ممبرز اور عملے کے ارکان بھی سعودی عرب دورے میں ساتھ ہونگے۔
ذرائع کے مطابق سعودی عرب جانے والے وفد میں حمزہ شہباز اور ان کی اہلیہ اور بیٹی بھی شامل ہوں گے۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ مریم نواز شریف، کیپٹن ریٹائرڈ صفدر، حمزہ شہباز فیملی کی ملازمہ نسرین بھی وفد میں شامل ہوں گے، صبیحہ عباس شریف، یوسف عباس شریف، مسز یوسف عباس شریف، یوسف عباس کےصاحبزادے، دوحہ سے سلمان شہباز ، ان کی اہلیہ اور بیٹا اور ملازمہ بھی وفد میں شامل ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ لندن سے حسین نواز اور ان کی اہلیہ بھی سعودی عرب دورے کے دوران شامل ہوں گے، وزیراعظم کے ساتھ وفد میں پی ایم آفس کا عملہ، سکیورٹی ٹیم اور میڈیا ٹیم بھی ساتھ ہوں گی۔