29 اپریل ، 2022
پنجاب حکومت نےسینیئر پولیس آفسر بلال صدیق کمیانہ کو سی سی پی او لاہور تعینات کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق بلال کامیانہ کا تعلق 24 ویں کامن سے ہے ،20 ویں گریڈ کے بلال نے ابتدائی تعلیم کانونٹ اسکول ساہیوال سے حاصل کی اور 1984 میں گورنمنٹ کالج میں داخلہ لیا جہاں سے انہوں نے ایم اے انگلش تک تعلیم حاصل کی اور رول آف آنر کا اعزاز حاصل کیا ۔
اس کے بعد انہوں نے بہاؤالدین ذکریا یونیورسٹی سے ایل ایل بی میں ٹاپ کیا اور گولڈ میڈل حا صل کیا اور پھر لندن سے ایل ایل ایم کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد پاکستان میں 1996 میں سی ایس ایس کا امتحان پاس کیا اور پولیس سروس آف پاکستان میں شمولیت اختیار کر لی او رلاہور میں بطور اے ایس پی کام شروع کیا۔
بلال صدیق کئی مقامات پر ایس پی،ایس ایس پی،ڈی پی او ،سی پی او ،آر پی او فیصل آباد،آر پی او شیخوپورہ سمیت متعدد اہم عہدوں پر فرائض سر انجام دے چکے ہیں،انہیں وفاقی حکومت نے چند روز قبل وفاق سے پنجاب بھجوا دیا تھا جس کے بعد پنجاب حکومت نے انہیں سی سی پی او لاہور تعینات کر دیا۔
انہیں بہترین کارکردگی پر انہیں قائد اعظم پولیس میڈل سے نوازا جا چکا ہے ۔
جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے بلال صدیق کامیانہ کا کہنا تھا کہ کرپشن پر زیرو ٹالرنس ہو گا جبکہ شہریوں کے جان و مان کا تحفظ ان کی سب سے اہم ذمہ داری ہے اور فورس کوجرائم پیشہ عناصر کا قلع قمع کرنے میں ان کی بھر پور سپورٹ حاصل ہو گی۔