30 اپریل ، 2022
صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں مقامی علما نے کل بروز اتوار کو عید الفطر کا اعلان کردیا۔
میرعلی کی مقامی فقیران جامع مسجد کے مفتی شیر اکبر نے شوال کا چاند نظر آنے کا اعلان کیا۔
ان کا کہنا تھاکہ یکم مئی اتوار کو عید الفطر منائی جائے گی۔
رپورٹس کے مطابق شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں سے چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ 9 افراد نے علمائے کرام کے سامنے چاند نظر آنے کی گواہی دی جس کے بعد اتوار کو عید کا اعلان کیا گیا۔
خیال رہے کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا جس کے بعد وہاں عید الفطر پیر 2 مئی کو ہوگی جبکہ افغانستان میں طالبان حکومت کی جانب سے اتوار کو عید کا اعلان کیا گیا ہے۔