07 مئی ، 2022
کنڈ ملیر پکنک منانےکی غرض سے جانے والے خاندان کو ریسکیو کرلیا گیا۔
ایس ایس پی لسبیلہ کے مطابق خاندان کراچی سے سپت بیچ پر راستہ بھٹک گیا تھا، راستہ بھٹکنے والے افراد میں خواتین اور بچوں سمیت 11 افراد شامل ہیں۔
ایس ایس پی لسبیلہ کا کہنا ہےکہ لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے پولیس ٹیم کنڈ ملیر روانہ کی گئی تھی، ریگستانی علاقے میں پھنسے افرادکو پانی اور کھانا فراہم کر دیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق متاثرہ خاندان سڑک کے کنارے موٹر سائیکلیں کھڑی کرکےسپت بیچ گیا اور واپسی پر راستہ بھول گیا، یہ انتہائی مشکل علاقہ ہے ، ریت کے طوفان کی وجہ سے اکثر اس علاقے میں لوگ راستہ بھول جاتے ہیں ، اس دوران ان کے پاس کھانے پینے کا سامان ختم ہوگیا، شدید گرمی میں بھوک پیاس سے بچوں اور دیگر افراد کی حالت غیر ہوگئی جب کہ موبائل فون کے سگنل نہ ملنے سے ان افراد کا کسی سے رابطہ بھی نہیں ہو پایا ۔
خوش قسمتی سے ا یک فرد کا موبائل فون پر کراچی رابطہ ہوا، جس کے بعد پولیس ،کوسٹ گارڈ ، ایدھی فاؤنڈیشن اور علاقے کی ایک معزز شخصیت سردار رشید پھورائی نے علاقے میں بڑے پیمانے پر متاثرہ خاندان کی تلاش کا کام شروع کیا اور کئی گھنٹے کی تلاش کے بعد متاثرہ خاندان کو ریسکیو کر لیا گیا۔
ڈی ایس پی اوتھل کے مطابق اندھرا ہونے کی وجہ سے ان افراد کی موٹرسائیکلوں کو تلاش نہیں کیا جاسکا۔
ادھر ایس ایس پی لسبیلہ کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاندان کو اوتھل منتقل کیا جار رہا ہے ۔
ان افراد کا تعلق لیاری اور دنبہ گوٹھ ملیر سے ہے، ان کا آخری رابطہ آج دن میں تقریباً تین بجے کراچی میں گھر والوں سے ہوا تھا جس کے بعد رابطہ نہ ہونے پر اہلخانہ نے حکومت بلوچستان،کوسٹ گارڈ اورپولیس سے فوری مددکی اپیل کی تھی۔