09 مئی ، 2022
مسلم لیگ ن میں شمولیت کے معاملے پر سابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کے ترجمان کا بیان بھی سامنے آ گیا ہے۔
سابق گورنر پنجاب کے حوالے سے ایک خبر سامنے آئی تھی کی چوہدری محمد سرور کے مسلم لیگ ن کے ساتھ معاملات طے پا گئے ہیں اور چوہدری سرور بہت جلد ن لیگ میں شمولیت کا اعلان کریں گے۔
تاہم اب اس حوالے سے چوہدری محمد سرور کے ترجمان کا ایک بیان بھی سامنے آیا ہے۔
ترجمان چوہدری محمد سرور راشد سپرا کا کہنا ہے کہ سیاسی مستقبل کے حوالے سے ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا، نجی چینلز بغیر تصدیق اور مؤقف لیے بغیر خبر دینے سےگریز کریں۔
راشد سپرا کا کہنا ہے کہ چوہدری سرور ساتھیوں سے مشاورت کے بعد کوئی فیصلہ کریں گے، سیاسی مستقبل سے متعلق ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا، سیاسی مستقبل کے حوالے سے جو فیصلہ ہوگا خود میڈیا کو آگاہ کریں گے۔
یاد رہے کہ پنجاب میں وزارت اعلیٰ اور اسمبلی اجلاس بلانے کے معاملے پر چوہدری محمد سرور کے تحریک انصاف کے ساتھ اختلافات ہو گئے تھے جس پر صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے وزیراعظم کی سفارش پر انہیں ہٹا کر عمر سرفراز چیمہ کو گورنر تعینات کر دیا تھا۔