18 مئی ، 2022
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر کا کہنا ہے کہ شہباز شریف حوصلہ کریں جس دن بوٹ پالش کرنا چھوڑ دیے دیکھنا عزت کیسے ملتی ہے۔
لاہور میں پی ٹی آئی پروفیشنل ونگ کے زیر اہتمام کنونشن سے پی ٹی آئی رہنماؤں نے گفتگو کی اور اس دوران موجودہ حکومت پر سخت تنقید بھی کی۔
اسد عمر نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جنگ عوام کے لیے ہے، عمران خان کی کال کا وقت قریب آنے پر مخالفین کی کانپیں ٹانگ رہی ہیں۔
سابق وزیر تعلیم شفقت محمود کا کہنا تھا کہ لولی لنگڑی حکومت زیادہ دیر نہیں چل سکتی، مسائل کا ایک ہی حل ہے کہ الیکشن کا اعلان کیا جائے۔
سابق وفاقی وزیر حماد اظہر نے کہا کہ جن لوگوں نے رجیم چینج کیا، اب وہ 100 سال تک پاکستان کی طرف نہیں دیکھ سکتے، جس نے سازش کی اسے سوچنا ہو گا کیسے کیسے لوگ حکومت میں بٹھا دیےہیں۔
اس موقع پر یاسمین راشد، اعجاز چوہدری اور میاں محمود الرشید کا کہنا تھا کہ عمران خان نے آزادی کا نعرہ لگایا، پوری قوم ان کے ساتھ ہے، عمران خا ن نے قوم کو اکٹھا کیا ہے، امپورٹڈ حکومت نامنظور کا نعرہ مسلسل مقبول ہو رہا ہے۔