کھیل
11 نومبر ، 2012

انٹریونیورسٹی فٹ بال فائنل: کراچی یونیورسٹی نے اقراء کو ہرا دیا

کراچی…شکیل یامین کانگا… کراچی یونیورسٹی کی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انٹریونیورسٹی زون جی فٹ بال چیمپئن شپ کے فائنل میں اقراء یونیورسٹی کو 2-1 سے شکست دیدی۔ کے یو کی جانب سے محمد عمیر اور فرقان اللہ نے جبکہ اقراء سے فراز احمد نے گول کئے۔ فائنلسٹ ٹیمیں 15نومبر سے لاہور میں شروع ہونے والی آل پاکستان انٹریونیورسٹی فٹ بال چیمپئن شپ میں حصہ لیں گی جس میں ملک بھر کی 16 یونیورسٹیز کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔ اقراء یونیورسٹی کے زیراہتمام کل کراچی ہائر ایجوکیشن انٹریونیورسٹی چیمپئن شپ میں کراچی جیم خانہ فٹ بال گراؤنڈ پر کھیلے جانے والے فائنل میں کراچی یونیورسٹی کی جانب نے میچ کا پہلا گول محمدعمیر نے کھیل کے 29ویں منٹ میں کرکے اپنی ٹیم کو ایک صفر سے برتری دلا دی۔ پہلے ہاف کے اختتام پر کے یو کو برتری حاصل رہی۔ دوسرے ہاف میں کے یو کے فرقان اللہ نے 71ویں منٹ میں گول کرکے اپنی ٹیم کی برتری دہری کردی۔ کھیل کے اختتام سے 10 منٹ قبل اقراء کے فراز احمد نے اپنی ٹیم کا پہلا گول کرکے خسارہ 2-1 کردیا۔ فائنل میں حصہ لینے والے کراچی یونیورسٹی کی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگی۔ محمد ولید، محمد عثمان، شیخ عزیر شکیل، شرجیل اجمل، نوید اللہ خان، محمد اسماعیل، آصف امیر، جہانگیر خان، نعمان مرزا، محمد تحسین، یار محمد، محمد ذیشان، محمد عمیر، جاسیم علی، فرقان اللہ اور یاسر علی پر مشتمل ہوگی۔ ٹیم کے منیجر قمر یار خان، اسسٹنٹ منیجر محمد اکبر، اور کوچ محمد طاہر ہوں گے۔دریں اثناء بلوچ ایف سی اور مسلم ایف سی نے پریمیئر لیگ فٹ بال میں فتح حاصل کرلی۔ بلوچ ایف سی اورحبیب بینک کے درمیان نوشکی فٹ بال اسٹیڈیم نوشکی میں میچ کھیلا گیا جس میں بلوچ ایف سی نے 2-0 کی فتح حاصل کی۔ بلوچ ایف سی کے مڈ فیلڈر عبدالمالک اور اسٹرائیکرثناء اللہ نے گول اسکور کئے۔دوسرا میچ میں مسلم ایف سی اور کے ای ایس سی کے درمیان گورنمنٹ ہائی اسکول چمن میں کھیلا گیا جومسلم ایف سی نے 2-0 سے جیتا۔ مسلم ایف سی کے مڈ فیلڈر حیات اللہ اور اسٹرائیکر ذبیح اللہ نے میچ کے 64 ویں اور 66 ویں منٹ میں گول کیے۔ پیر کو افغان ایف سی اورنیوی کے درمیا ن میچ گورنمنٹ ہائی اسکول چمن میں جبکہ پی اے ایف اور زرعی ترقیاتی بینک لمٹیڈ کے درمیان میچ پی اے ایف گراؤنڈ کمپلکس پشاور میں کھیلا جائے گا۔

مزید خبریں :