05 جون ، 2022
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان کو بنی گالہ میں عمران خان کی رہائش گاہ میں داخلے سے روک دیا گیا۔
عمران خان کی بنی گالہ آمد پر پنجاب سے پی ٹی آئی کے سابق صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان پہنچے تو انہیں روک لیا گیا۔
فیاض الحسن چوہان کی جانب سے احتجاج پر عمران خان کے چیف آف اسٹاف شہبازگل آئے اور انہیں سمجھایا اور معاملہ رفع دفع کردیا۔
اس موقع پر فیاض الحسن چوہان نے شہبازگل کو کھری کھری سنائیں، ان کا کہنا تھا کہ مجھ سے زیادہ پی ٹی آئی کا سینیئرکون ہوسکتا ہے، عمران خان سے براہ راست بات کروں گا۔
دوسری جانب ٹوئٹر پر ایک پوسٹ میں شہبازگل کا کہنا تھا کہ فیاض الحسن چوہان وقت سے زرا پہلے پہنچے تھے، جب میں پشاور سے پہنچا تو وہ مجھ سے پہلے ہی وہاں موجود تھے، میں انہیں خود اپنے ساتھ اوپر لےکرگیا، انہوں نے ایک گارڈ کے رویےکی شکایت کی، چوہان صاحب ہمارے معزز دوست ہیں، انہیں نہیں روکا گیا۔
خیال رہےکہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان آج ہیلی کاپٹرکے ذریعے پشاور سے بنی گالہ پہنچے ہیں، اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیےگئے ہیں۔