08 جون ، 2022
کراچی ائیر پورٹ سے پی آئی اے کی پہلی حج پرواز 291 عازمین حج کو لے کر مدینہ منورہ روانہ ہوگئی۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق کراچی ائیر پورٹ سے پی آئی اے کی پہلی پرواز پی کے 743 سے 291 عازمین حج مدینہ منورہ روانہ ہوئے جہاں جناح ٹرمینل پر ڈائریکٹر پی آئی اے پریسشن انجینئرنگ کمپلیکس ائیر وائس مارشل عرفان ظہیر نے عازمین کو رخصت کیا، عازمین حج کو پی آئی اے کی جانب سے چھتریاں بھی تقسیم کی گئیں جب کہ عازمین حج سے پاکستان کی سلامتی اور پی آئی اے کی ترقی کے لیے خصوصی دعاؤں کی درخواست کی گئی۔
ترجمان نے بتایا کہ سی ای او پی آئی اے عامر حیات حج آپریشن کی خود نگرانی کررہے ہیں، پی آئی اے پانچ بڑے شہروں اسلام آباد، کراچی، لاہور، ملتان اور کوئٹہ سے عازمین کو حجاز مقدس پہنچا رہی ہے۔
پی آئی اے اب تک تقریباً 2 ہزار سے زائد عازمین حج کو سعودی عرب پہنچاچکی ہے، قومی ائیر لائن کا قبل از حج آپریشن 3 جولائی کو اختتام پزیر ہوگا اور بعداز حج کی پروازیں 14 جولائی سے 13 اگست تک جاری رہیں گی۔