13 جون ، 2022
پاکستان تحریک انصاف نے پنجاب اسمبلی میں سبطین خان کو قائد حزب اختلاف نامزد کر دیا۔
تحریک انصاف نے رکن اسمبلی سبطین خان کو پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر نامزد کر دیا ہے اور اس حوالے سے اسمبلی سیکرٹریٹ کو باضابطہ طور پر آگاہ بھی کر دیا ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی کچھ دیر میں اپوزیشن لیڈر کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیں گے۔
یاد رہے کہ دو روز قبل یہ خبر سامنے آئی تھی کہ تحریک انصاف کی قیادت نے پنجاب اسمبلی میں میاں محمود الرشید کو اپوزیشن لیڈر نامزد کرنے کی منظوری دیدی ہے تاہم گزشتہ روز پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر سطبین خان نے واضح کیا تھا کہ ابھی تک اپوزیشن لیڈر کے لیے کسی کا نام فائنل نہیں ہوا اور اپوزیشن لیڈر کا فیصلہ عمران خان کریں گے۔