Time 13 جون ، 2022
پاکستان

بشریٰ بی بی کی دوست فرح اور ان کے شوہر کا بنی گالا میں داخلہ کبھی ریکارڈ نہیں کیا گیا

وزارت داخلہ نے فرح گوگی اور ان کے شوہر کے وزیراعظم ہاؤس بنی گالا میں قیام اور غیرمعمولی پروٹوکول کی تحقیقات کا حکم دے دیا— فوٹو:فائل
وزارت داخلہ نے فرح گوگی اور ان کے شوہر کے وزیراعظم ہاؤس بنی گالا میں قیام اور غیرمعمولی پروٹوکول کی تحقیقات کا حکم دے دیا— فوٹو:فائل

سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی دوست فرح گوگی اور ان کے شوہر احسن جمیل گجراکثر بنی گالا آتے تھے لیکن جوڑے کا داخلہ کبھی ریکارڈ نہیں کیا گیا۔

دی نیوز اورجنگ میں شائع قاسم عباسی کی رپورٹ کے مطابق فرح خان اور ان کے شوہر احسن جمیل گجر کے ساتھ ’وزیراعظم ہاؤس بنی گالا کے رہائشی‘ جیسا سلوک کیا گیا۔

قابل اعتماد ذرائع جنہوں نے پی ایم ہاؤس بنی گالا میں قائم 44 ماہ کے اسپیشل برانچ کے ریکارڈ کا جائزہ لیا نے شیئر کیا کہ فرح خان عرف ’گوگی‘ اور ان کے شوہر احسن جمیل گجر کے نام پی ایم ہاؤس بنی گالا آنے والوں کے اسپیشل برانچ کے ریکارڈ میں نہیں پائے گئے۔ 

وزارت داخلہ نے اس بات کی تحقیقات کا حکم دیا کہ سکیورٹی ایس او پیز پر عمل کیوں نہیں کیا گیا اور فرح خان اور ان کے شوہر کے دوروں کو اسپیشل برانچ آئی سی ٹی کے رجسٹر میں درج کیوں نہیں کیا گیا؟

معاملے سے واقف باخبر ذرائع نے دی نیوز کو بتایا کہ انکوائری کے دوران اسپیشل برانچ کے اہلکار جنہوں نے پی ایم ہاؤس بنی گالا میں ڈیوٹی سرانجام دی، نے اپنے سینئرز کو بتایا کہ فرح خان اور ان کے شوہر احسن جمیل گجر بنی گالا پی ایم ہاؤس میں اکثر آتے تھے تاہم دلچسپ بات یہ ہے کہ اس جوڑے کا داخلہ کبھی ریکارڈ نہیں کیا گیا جیسا کہ اسپیشل برانچ کو ہدایت تھی کہ جوڑے کے ساتھ ’وزیراعظم ہاؤس کے رہائشی‘ جیسا سلوک کیا جائے کیونکہ وہ خاندان کا حصہ ہیں۔ 

اسپیشل برانچ اسلام آباد پولیس کے باخبر ذرائع نے دی نیوز کو بتایا کہ اسی لیے ان کے پی ایم ہاؤس بنی گالا سے داخلے اور باہر نکلنے کو کبھی دستاویز نہیں کیا گیا۔ 

شہباز گل اور فواد چوہدری سے اس معاملےپر ان کا مؤقف جاننے کیلئے رابطہ کیا گیا تاہم انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔ 

وزیراعظم ہاؤس کی سکیورٹی کا ایک اہم عنصر یہ ہے کہ اسلام آباد پولیس کی اسپیشل برانچ وزیراعظم ہاؤس کے اندر اور باہر تمام نجی اور سرکاری مہمانوں کے داخلے اور باہر جانے کو کنٹرول کرتی ہے۔

وزیراعظم ہاؤس آنے والے تمام افراد کا مکمل ریکارڈ رکھنے کیلئے وزیراعظم ہاؤس کا عملہ انٹری گیٹ پر آنے والے اور  ہرگاڑی کے نمبر کے ساتھ رجسٹر میں اندراج کرواتے ہیں۔ یہ پالیسی دورہ کرنے والے تمام وزرا، ارکان پارلیمنٹ، سیاستدانوں، سرکاری افسران اور نجی افراد پر لاگو ہوتی ہے۔

نوٹ: یہ خبر آج کے روزنامہ جنگ میں شائع ہوچکی ہے

مزید خبریں :