20 جون ، 2022
لاہور: الیکشن کمیشن نے اراکین پنجاب اسمبلی کے اثاثوں کی تفصیلات جاری کردیں۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری تفصیلات کےمطابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز 41 کروڑ 43 لاکھ روپےکےاثاثوں کےمالک ہیں، انہوں نے 13 کروڑ 64 لاکھ کے 11 رہائشی گھر ظاہر کیے جب کہ حمزہ شہباز کی 3 زرعی زمینوں کی مالیت 3 کروڑ 97 لاکھ روپے ہے، ان کی پہلی اہلیہ 50 لاکھ روپےاور دوسری اہلیہ 3 کروڑ 74 لاکھ روپےکےاثاثوں کی مالک ہیں، اس کے علاوہ حمزہ شہباز نے خود کو 9 کروڑ 71 لاکھ روپے کا مقروض ظاہر کیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق سابق وزیراعلیٰ عثمان بزدار 5 کروڑ 80 لاکھ روپے سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں جب کہ علیم خان ایک ارب 70 کروڑ سے زائد، سابق صوبائی وزیر مراد راس 38 لاکھ اور میاں محمود الرشید 18 کروڑ سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے بتایا گیا ہےکہ اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی 23 کروڑ 14 لاکھ روپے کےاثاثوں کے مالک نکلے، ان کی 6کروڑ 78 لاکھ کی غیر زرعی زمین ہے جب کہ پرویزالہٰی نے فلور مل کی مالیت 99 لاکھ روپےظاہرکی ہے، ان کی اہلیہ 10 کروڑ کے اثاثوں کی مالک ہیں۔
اس کےعلاوہ اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی سبطین خان ایک کروڑ سے زائد اثاثوں کےمالک ثابت ہیں، انہوں نے زرعی اراضی کی مالیت ظاہر نہیں کی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق صوبائی وزیر اویس لغاری 44 کروڑ کےاثاثوں کے مالک ہیں۔