دنیا
Time 20 جون ، 2022

بڑھتی مہنگائی پر عملے کی ہڑتال، برسلز ائیرپورٹ پروازوں کیلئے بند

برسلز ائیرپورٹ پر سیکیورٹی عملے نے ہڑتال کی ہے / اے پی فوٹو
برسلز ائیرپورٹ پر سیکیورٹی عملے نے ہڑتال کی ہے / اے پی فوٹو

بیلجیئم کے دارالحکومت برسلز کے ائیرپورٹ سے 20 جون کو سیکیورٹی عملے کی ہڑتال کی وجہ سے ایک بھی پرواز روانہ نہیں ہوسکی۔

حکام کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سیکیورٹی عملے کی ہڑتال کی وجہ سے برسلز ائیرپورٹ کو جانے والی پروازوں کے لیے بند کردیا گیا ہے۔

بیان میں بتایا گیا کہ مسافروں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ ائیرپورٹ نہ آئیں، اس وقت ائیرپورٹ صرف آنے والی پروازوں کے لیے کھلا ہے۔

برسلز ائیرپورٹ کی بندش بیلجیئم میں تجارتی یونینز اے سی وی، اے سی ایل وی بی اور اے بی وی وی کی قومی ہڑتال کا نتیجہ ہے، جن کی جانب سے مہنگائی میں اضافے سے پریشان ورکرز کی مالی مشکلات میں کمی لانے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔

اس ہڑتال کے نتیجے میں بیلجیئم میں پبلک ٹرانسپورٹ کا نظام بھی بہت زیادہ متاثر ہوا ہے۔

ہڑتال کے دوران 70 ہزار ورکرز نے برسلز شہر میں مارچ کیا۔

اس موقع پر انہوں نے تنخواہوں میں اضافے اور ایکسائز ڈیوٹی کے خاتمے کا مطالبہ بھی کیا۔

ہڑتال کی وجہ سے برسلز ائیرپورٹ آنے والی بیشتر پروازوں کو بھی منسوخ کیا گیا۔

دوسری جانب بیلجیئم کی حکومت کا کہنا ہے کہ بیلجیئن ورکرز کو یورپ کے بیشتر ممالک کے مقابلے میں زیادہ تحفظ حاصل ہے کیونکہ یہاں تنخواہیں مہنگائی  کی شرح کے مطابق طے کی جاتی ہیں۔

حکومت نے کہا کہ گیس، بجلی اور ایندھن پر سیلز ٹیکس کی چھوٹ کو 2022 کے آخر تک توسیع دی جارہی ہے۔

خیال رہے کہ بیلجیئم میں جون میں مہنگائی کی شرح 9 فیصد تک پہنچ گئی ہے جس کی بنیادی وجہ یوکرین جنگ کے باعث اجناس اور توانائی کی قیمتوں میں اضافہ ہے۔

بیلجیئم میں برسلز ائیرلائنز کے پائلٹوں اور کیبن کریو کی جانب سے بھی 23 سے 25 جون کو ہڑتال کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے جس سے بھی پروازیں منسوخ ہونے کا امکان ہے۔

مزید خبریں :