Time 21 جون ، 2022
پاکستان

فافن نے این اے 240 کراچی ضمنی انتخاب کی رپورٹ جاری کردی

فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک (فافن) نے این اے 240 کراچی ضمنی انتخاب کی رپورٹ جاری کردی۔—فوٹو:فائل
فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک (فافن) نے این اے 240 کراچی ضمنی انتخاب کی رپورٹ جاری کردی۔—فوٹو:فائل

فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک (فافن)  نے این اے 240 کراچی ضمنی انتخاب کی رپورٹ جاری کردی۔

فافن کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ این اے 240 کورنگی کراچی کے ضمنی انتخاب میں تشدد کے دوبڑے واقعات ہوئے جبکہ پولنگ اسٹیشنز کے قریبی علاقوں میں پارٹی کیمپوں کی موجودگی الیکشن ضابطہ اخلاق کی نمایاں خلاف ورزی تھی۔

فافن کی رپورٹ کے مطابق ان کیمپوں میں سے 22 فیصد پر مسلح افراد کی موجودگی کی اطلاع ملی جبکہ پولنگ اسٹیشن نمبر 52 کے باہر حریف جماعتوں کے درمیان تصادم میں ایک شخص جاں بحق ہوا۔

فافن کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پولنگ اسٹیشنز پر خفیہ اسکرینوں کا غائب ہونا، ووٹر کی تصدیق کے ضروری اقدامات نہ ہونے جیسی بے ضابطگیاں سامنے آئیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ لانڈھی کے علاقے میں ایک پارٹی کے سینیئررہنما کی گاڑی پر فائرنگ کا واقعہ ہوا جس کی وجہ سے حلقے میں خوف سے ووٹرز کو باہر جانے اور ووٹ ڈالنے کی حوصلہ شکنی ہوئی۔

فافن کی رپورٹ کے مطابق حلقے میں عام انتخابات میں ووٹرز ٹرن آؤٹ 37.38 فیصد اور ضمنی انتخابات میں 8.38 فیصد رہا۔

رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ فاتح اور رنر اپ کے درمیان جیت کا فرق محض 65 ووٹوں کا تھا۔

واضح رہے کہ  گزشتہ دنوں کراچی میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 240 میں ضمنی انتخاب کا حتمی نتیجہ جاری کیا گیا تھا۔

حتمی نتیجے کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے امیدوار محمد ابو بکر 10 ہزار 683 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جبکہ تحریک لبیک پاکستان کے امیدوار دوسرے نمبر پر رہے۔

مزید خبریں :