Time 03 جولائی ، 2024
پاکستان

’پاک امریکا تعلقات بہتری کی جانب گامزن ہیں‘، امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کا خطاب

’پاک امریکا تعلقات بہتری کی جانب گامزن ہیں‘، امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کا خطاب
فوٹو: امریکی سفارت خانہ

پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا ہے کہ پاک امریکا تعلقات بہتری کی جانب گامزن ہیں۔

اسلام آباد میں امریکا کے یوم آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے  انہوں نے کہا کہ بعض اوقات دونوں ممالک کو بڑی بڑی مشکلات کا سامنا رہا ہے مگر ہماری شراکت داری ہمیشہ ہماری قومی خوش حالی اور سلامتی میں اضافے کی جانب جاری طویل سفر کا کلیدی حصہ رہی ہے۔

تقریب میں وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال اور گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری سمیت اہم شخصیات بھی شریک ہوئیں۔

تقریب کے مہمان خصوصی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان گہرے اور تاریخی تعلقات ہیں، ہمیں اس ملک سے بہت کچھ سیکھنا ہے، ہمیں مختلف شعبوں میں اس کی دوستی کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ کرکٹ کیلئے دونوں ممالک کے عوام کی محبت ان میں قربت کے نئے موقع فراہم کرتی ہے۔

اس موقع پر گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ وقت آگیا ہے دونوں ممالک خطے کے وسیع تر مفاد میں ایک دوسرے کے مزید قریب آئیں۔

گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ چاہتے ہیں کہ امریکا سے تجارت اور سرمایہ کاری میں مزید اضافہ ہو۔

مزید خبریں :