وزیراعظم نے سود پر عدالتی فیصلےکیخلاف اپیل واپس لینےکی یقین دہانی کرادی، جے یو آئی

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

اسلام آباد: جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) نے دعویٰ کیا ہےکہ وزیراعظم شہباز شریف نے سود سے متعلق عدالتی فیصلے کے خلاف اپیل واپس لینے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

ترجمان جے یو آئی اسلم غوری کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ملاقات کی اور سود سے متعلق عدالتی فیصلےکے خلاف اپیل پر وزیراعظم کو تحفظات سے آگاہ کیا۔

ترجمان جے یو آئی نے دعویٰ کیا ہے کہ  وزیراعظم نے مولانا فضل الرحمان کو یقین دہانی کروائی ہےکہ بینک اپیل واپس لےگا۔  

ترجمان کے مطابق وزیر اعظم نے ٹاسک فورس کو حکم دیا کہ بینک کی اپیل واپس لینے سے متعلق فوری اقدامات کیے جائیں۔

ترجمان جے یو آئی کا کہنا ہے کہ عدالتی فیصلوں کے خلاف بینکوں کی اپیل سے امت مسلمہ کے دل رنجیدہ ہوئے ہیں،  امت مسلمہ سود کو ملک میں معاشی نظام کی تباہی کا سبب سمجھتی ہے۔

خیال رہے کہ وفاقی شریعت عدالت نے 22 اپریل 2022 کو دیےگئے اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ حکومت 5 سال میں سود سے پاک نظام نافذ کرے، 31 دسمبر2027  تک ربا سے مکمل پاک نظام ملک میں نافذ کیا جائے۔

 25جون کو اسٹیٹ بینک کی جانب سے فیصلےکے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی گئی تھی۔

چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل قبلہ ایاز نے وزیراعظم کو خط لکھ کر  اپیل کو واپس لینے اور سودکے خلاف فیصلے پر عمل درآمد کی سفارشات مرتب کرنےکے لیےٹاسک فورس کی تشکیل میں کردار ادا کرنےکا مطالبہ کیا تھا۔

مزید خبریں :