پاکستان
Time 03 جولائی ، 2022

کامن ویلتھ گیمز کی تیاری، پاکستان ہاکی ٹیم نے ٹریننگ کا آغاز کردیا

کوچ سمیر حسین اور اجمل خان کی نگرانی میں ٹریننگ جاری ہے جبکہ غیر ملکی ٹرینر ڈینیئل بیری اور گول کیپنگ کوچ باب ویلڈوف بھی ٹریننگ کیمپ میں موجود ہیں — فوٹو: پی ایچ ایف
کوچ سمیر حسین اور اجمل خان کی نگرانی میں ٹریننگ جاری ہے جبکہ غیر ملکی ٹرینر ڈینیئل بیری اور گول کیپنگ کوچ باب ویلڈوف بھی ٹریننگ کیمپ میں موجود ہیں — فوٹو: پی ایچ ایف 

پاکستان ہاکی ٹیم نے کامن ویلتھ گیمز کی تیاری کے لیے نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں ٹریننگ کا آغاز کر دیا ہے۔

ٹریننگ کے پہلے سیشن میں فزیکل ٹریننگ جبکہ دوسرے سیشن میں ہاکی اسکلز پر کام کیا گیا۔

لاہور میں جاری کیمپ کے لیے 36 کھلاڑیوں کو مدعو کیا گیا تھا جن میں سے 31 کھلاڑی رپورٹ کر چکے ہیں۔

ٹریننگ کے لیے مدعو کھلاڑیوں میں سے نوخیز ملک اور رانا سہیل بیرون ملک ہونے کے باعث شریک نہیں ہو پائے ہیں جبکہ حنان شاہد، عمر ستار اور شہریار 2 روز کے اندر کیمپ میں رپورٹ کردیں گے۔

لاہور میں جاری کیمپ میں شریک تمام کھلاڑی 8 جولائی تک ٹریننگ جاری رکھیں گے جبکہ عید کے وقفے کے بعد دوبارہ 12 جولائی کو رپورٹ کریں گے اور یہ ٹریننگ کیمپ 23 جولائی تک جاری رہے گا۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے مطابق ٹریننگ کے بعد کامن ویلتھ گیمز میں شرکت کے لیے برمنگھم روانگی کا شیڈول طے ہو چکا ہے۔

 کیمپ میں کوچ سمیر حسین اور اجمل خان کی نگرانی میں کھلاڑی ٹریننگ کر رہے ہیں جبکہ غیر ملکی ٹرینر ڈینیئل بیری اور گول کیپنگ کوچ باب ویلڈوف بھی ٹریننگ کیمپ میں موجود ہیں۔

ہیڈ کوچ سیگفرائیڈ ایکمین ویزہ معاملات کی وجہ سے  ٹریننگ میں شرکت کے لیے تاحال پاکستان نہیں پہنچ سکے ہیں لیکن  پی ایچ ایف نے امید ظاہر کی ہے کہ ایک دو روز میں ویزہ معاملات حل ہو جائیں گے۔

مزید خبریں :