Time 06 جولائی ، 2022
پاکستان

کراچی میں ہنگامی لینڈنگ کرنے والا بھارتی طیارہ مرمت کے بعد دہلی چلا گیا

بوئنگ 737 میکس 8 طیارے کا نقص پاکستان انٹرنیشنل کے انجینئرز نے دور کیا: ذرائع/ فوٹو جیونیوز
بوئنگ 737 میکس 8 طیارے کا نقص پاکستان انٹرنیشنل کے انجینئرز نے دور کیا: ذرائع/ فوٹو جیونیوز

کراچی میں ہنگامی لینڈنگ کرنے والا بھارتی طیارہ مرمت کے بعد دہلی چلا گیا۔

سول ایوی ایشن ذرائع کے مطابق بوئنگ 737 میکس 8 طیارے کا نقص قومی ائیر لائن کے انجینئرز نے دور کیا جس کے بعد کراچی سے دہلی کیلئے اسپائس جیٹ کے طیارے نے پرواز SG-9922 کے طور پر اڑان بھری۔

ایوی ایشن ذرائع کا کہنا ہےکہ کراچی سے صبح 3:24  پر ٹیک آف کرکے طیارہ 5:35 پر دہلی میں لینڈ کرگیا۔

اسپائس جیٹ کی پرواز SG-11 نے منگل کی صبح کراچی میں ہنگامی لینڈنگ کی جس کے بعد مسافروں کو کراچی ائیرپورٹ کے لاؤنج میں ٹھہرایا گیا اور ان کی خاطر تواضع کی گئی۔

ترجمان سی اے اے کا کہنا ہےکہ طیارے کے عملے سمیت 138 مسافر متبادل پرواز سے 12 گھنٹے بعد دبئی چلے گئے تھے جب کہ مرمت کیلئے بھارتی طیارہ 18 گھنٹے تک کراچی کے جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر موجود رہا۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق بوئنگ طیارہ محض تین سال پرانا ہے اور  اس نے دسمبر 2018 میں پہلی اڑان بھری۔ 


مزید خبریں :