13 جولائی ، 2022
20 سال میں پہلی بار یورپی کرنسی یورو کی قدر امریکی ڈالر کے برابر آگئی ہے۔
دسمبر 2002 کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب ایک یورو ایک ڈالر میں دستیاب ہے اور مجموعی طور پر یورپی کرنسی کی قدر میں ایک سال کے دوران 12 فیصد کمی آئی ہے۔
12 جولائی کو یورو کی قدر ایک ڈالر کے برابر پہنچ گئی تھی۔
تجزیہ کاروں کے مطابق حالیہ دنوں میں اقتصادی مسائل کے باعث یورو کی قدر میں تاریخی کمی آئی۔
روس کی جانب سے رواں ہفتے قدرتی گیس کی ایک پائپ لائن کو 10 دن کے لیے بند کردیا گیا اور ماہرین کو خدشہ ہے کہ توانائی سپلائی کی قیمت میں نمایاں اضافہ ہوسکتا ہے۔
اسی طرح امریکا کے فیڈرل ریزرو کی جانب سے شرح سود میں اضافے سے بھی ڈالر کے مقابلے میں یورو کی قدر میں کمی آئی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس سال یورو کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں اضافے کا سلسلہ جاری رہے گا۔
یورو کے ساتھ ساتھ برطانوی پاؤنڈ کی قدر میں بھی امریکی ڈالر کے مقابلے میں 11.6 فیصد کمی آئی ہے۔
اسی طرح جاپانی ین کے مقابلے میں رواں سال امریکی ڈالر کی قدر میں 18.9 فیصد اضافہ ہوا ہے جس کے بعد جاپانی کرنسی کی قدر 24 سال کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔