14 جولائی ، 2022
لاہور: پنجاب کے 20حلقوں میں ضمنی انتخابات کے حوالے سے پولیس نے سکیورٹی پلان ترتیب دے دیا ہے۔
آئی جی پنجاب راؤ سردار علی نے پولیس کو الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز وقاض نذیر کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ 14 اضلاع میں 52 ہزار سے زائد افسران اور اہلکار ضمنی الیکشن کی ڈیوٹی پر مامور ہوں گے، ان اضلاع میں 3100 سے زائد پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، ہر حلقے میں اینٹی رائٹ فورس کے 100 اہلکار موجود ہوں گے۔
وقاض نذیر نے بتایا کہ لاہور کے 4 حلقوں میں 465 پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے ہیں جن میں اے کیٹیگری کے 122 جبکہ بی کیٹیگری کے 343 پولنگ اسٹیشنز شامل ہیں، لاہور میں سکیورٹی پر 8 ہزار سے زائد افسران و اہلکار تعینات ہوں گے۔
ڈی آئی جی آپریشنز وقاص نذیر کا کہنا ہے کہ الیکشن والے روز ہوائی فائرنگ، اسلحے کی نمائش اور مسلح گارڈز رکھنے پر ایکشن ہو گا، اس کے علاوہ لڑائی جھگڑے اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر بلا امتیاز کارروائی ہو گی۔
یاد رہے کہ پنجاب کے 20 حلقوں میں 17 جولائی کو ضمنی انتخابات ہونے جا رہے ہیں، ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف کے امیدواروں کے درمیان سخت مقابلے کی توقع ہے جبکہ دونوں جماعتوں کی جانب سے ضمنی الیکشن میں جیت کے بڑے دعوے کیے جا رہے ہیں۔