14 جولائی ، 2022
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور چیئرمین کشمیرکمیٹی شہریار آفریدی کےخلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگئی۔
قومی اسمبلی کی پارلیمانی کمیٹی برائےکشمیر کے اجلاس میں چیئرمین شہریار آفریدی کے خلاف عدم اعتمادکی تحریک پی ٹی آئی کے منحرف رکن نواب شیر وسیر نے پیش کی۔
نواب شیر وسیر کا کہنا تھا کہ شہریار آفریدی بطور چیئرمین کشمیر کمیٹی کام نہیں کر رہے، دوبارہ ووٹنگ کرائی جائے۔
ووٹنگ میں تحریک عدم اعتماد کے حق میں 16 اراکین نے ووٹ دیے، شہریار آفریدی اجلاس میں موجود نہیں تھے۔
نواب شیر وسیر نے نئے چیئرمین کے لیے پی ٹی آئی کے منحرف رکن باسط بخاری کا نام تجویز کیا،کمیٹی اراکین نے تائیدکی جس کے بعد پارلیمانی کمیٹی برائےکشمیر نے متفقہ طور پر باسط بخاری کو چیئرمین منتخب کرلیا۔
خیال رہے کہ شہریار آفریدی نے تاحال بطور چیئرمین کشمیر کمیٹی کے عہدے سے استعفیٰ نہیں دیا تھا۔