16 جولائی ، 2022
کراچی میں تیزاب گردی کا نشانہ بننے والی خاتون پولیس اہلکار کی ایک آنکھ ضائع ہوگئی، چہرہ جھلس گیا جب کہ ایک ماہ گزر جانے کے باوجود پولیس ملزمان کو پکڑنے میں ناکام ہے۔
سہراب گوٹھ تھانےکے شعبہ انویسٹی گیشن میں تعینات خاتون اہلکار گلزارہ کو 17 جون کی صبح اپنے بھائی کے ساتھ ڈیوٹی پر جاتے ہوئے ڈکیتوں نے لوٹا اور مزاحمت پر تیزاب پھینک کر فرار ہوگئے ۔
ایک ماہ ہونے کو آیا ہے لیکن اس کا کوئی پرسان حال نہیں اور تو اور اسے اپنے ہی محکمے نے بے یارو مددگار چھوڑ دیا ہے۔
متاثرہ خاتون اہلکار نے جیونیوز کو بتایا کہ پولیس نے علاج میں مدد کی نہ ہی ملزمان کو پکڑنے میں، سرکاری اسپتال میں دوران علاج تاخیر سے ان کی ایک آنکھ بھی ضائع ہوگئی۔
پولیس نے سچل تھانے میں اب تک صرف مقدمہ درج کیا اور کوئی کارروائی نہیں کی، پولیس حکام کا کہنا ہےکہ واقعے سے متعلق تفتیش اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔
متاثرہ خاتون اہلکار نے آئی جی سندھ سے علاج کرانے اور ملزمان کی جلد گرفتاری کی اپیل کی ہے۔