لوگوں نے نواز الدین صدیقی سمجھ کر سیلفیاں لیں: گلوکار ذیشان علی

پاکستانی گلوکار ذیشان علی نے انکشاف کیا ہے کہ ایک مرتبہ لوگوں نے انہیں بھارتی اداکار  نواز الدین صدیقی سمجھ کر خوب سیلفیاں لیں۔

ذیشان علی گلوکار بلال مقصود کے ہمراہ جیو نیوز کے پروگرام 'ہنسنا منع ہے' کے مہمان بنے جہاں انہوں نے اپنے کیرئیر سمیت دیگر دلچسپ موضوعات پر گفتگو کی۔

میزبان تابش ہاشمی نے سوال کیا کہ تمہاری شکل اداکار نواز الدین صدیقی سے بے حد مماثلت رکھتی ہے اور اس کے پیچھے ایک مزیدار کہانی بھی چھپی ہے، تو وہ کیا قصہ ہے؟

گلوکار  نے جواب دیا کہ 'جی ہاں! ایک مرتبہ میں ایک ایوارڈز کی تقریب میں موجود تھا جہاں میں ایوارڈ کے لیے نامزد تھا، وہاں تابش بھائی بھی موجود تھے جن کے ساتھ سب سیلفیاں لے رہے تھے'۔

ذیشان علی نے بتایا کہ 'میں ایک کونے میں کھڑا تھا کہ ایک خاتون میرے پاس آئیں اور کہنے لگیں سر ایک تصویر لے سکتی ہوں؟ میں بہت حیران ہوا کہ مجھے بھی لوگ جانتے ہیں'۔

بات جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 'خاتون جیسے ہی تصویر لے کر گئیں تو چار  پانچ بندے مزید آگئے اور کہنے لگے کہ سیلفی لینی ہے'۔

گلوکار نے بتایا کہ 'مجھے معاملے کا اس وقت علم ہوا جب ان میں سے تین چار  بندے سیلفی لے کر گئے اور جاتے وقت مجھے شکریہ نواز بھائی کہہ گئے'۔

مزید خبریں :