21 جولائی ، 2022
پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیر اعظم عمران خان پنجاب کی وزارت اعلیٰ کے انتخاب کے سلسلے میں آج لاہور پہنچیں گے۔
ذرائع کے مطابق عمران خان کی زیر صدارت پارلیمانی پارٹی کا مشترکہ اجلاس آج لاہور میں ہوگا اور سابق وزیر اعظم پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ق کے ارکان اسمبلی سے خطاب کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف نے تمام ارکان اسمبلی کو اجلاس میں شرکت کی ہدایت کر دی ہے۔
دوسری جانب پنجاب کی وزارت اعلیٰ کے انتخاب کیلئے حکومت اور اپوزیشن نے اپنے اپنے ارکان اسمبلی کو ہوٹلوں میں ٹھہرایا ہے۔
ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے 160 سے زائد ارکان اسمبلی مال روڈ پر واقع ہوٹل پہنچ گئے ہیں جبکہ دیگر ارکان پنجاب اسمبلی بھی آج ہوٹل پہنچ جائیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آج ہونے والے مشترکہ اجلاس میں پی ٹی آئی اور ق لیگ کے ارکان کی حتمی تعداد سامنے آئے گی۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے رہنما اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سبطین خان کا کہنا ہے کہ ہمارے ارکان اسمبلی کی تعداد 187 ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ حکومت کے اوچھے ہتھکنڈے خود ان کے لیے شرمندگی کا باعث بنیں گے۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم پر 22 جولائی کو وزیراعلیٰ پنجاب کا انتخاب ہوگا اور پی ٹی آئی کی جانب سے پرویز الٰہی اور ن لیگ کے حمزہ شہباز وزارت اعلیٰ کے امیدوار ہیں۔