23 جولائی ، 2022
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہےکہ وزیراعلیٰ پنجاب کا الیکشن دوبارہ نہیں ہوگا، سپریم کورٹ سے انصاف نہیں ملا تو عوام اپنا راستہ خود بنائیں گے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے معاملے میں دیکھا جائےگا کہ 10 ووٹ گنتی میں شامل کرنے ہیں یا نہیں، اسمبلی کی کارروائی کی پورا ملک مذمت کر رہا ہے، وکلا نے ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کو غیر قانونی قرار دیا ہے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ 186 نشستیں رکھنے والوں کو اپوزیشن میں بھیج رہے ہیں اور 179 والوں کو حکومت دے رہے ہیں، ایسا خفیہ خط تھا جس کا صرف ڈپٹی اسپیکر کو پتہ تھا، پتا نہیں چوہدری شجاعت کو خط کا پتہ بھی ہے یا نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کی عدلیہ مخالف مہم کی مذمت کرتے ہیں، حمزہ شہباز کے حلف کو سپریم کورٹ نے آج ختم کردیا ہے۔