Time 23 جولائی ، 2022
پاکستان

کراچی پولیس کی کارروائی، ڈکیتی کی درجنوں وارداتوں میں ملوث گروہ کے 2 ملزمان گرفتار

فوٹو: جیو نیوز
فوٹو: جیو نیوز

گزری پولیس نے انٹیلیجنس بنیادوں پرکارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی کی درجنوں وارداتوں میں ملوث گروہ میں شامل 2 ملزمان گرفتارکرلیے۔

چند روز قبل گزری کے علاقے گزری پل کے قریب کچھ مسلح ملزمان راہزنی کی واردات کے دوران ایک شہری سے موبائل فون اور نقدی چھین کر فرار ہوئے تھے،گزری پولیس کی جانب سے واقعےکی اطلاع پر مقدمہ درج کرکے فوری ملزمان کی تلاش شروع کی گئی۔

پولیس نے انٹیلیجنس اور تکنیکی ذرائع کو استعمال میں لاتے ہوئے واردات میں ملوث گروہ کے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

ملزمان علی مشوری اور کبیر اسلم عرف بالی کے قبضے سے چھینے ہوئے 5 موبائل فونز اور بہادرآباد کے علاقے سے چھینی ہوئی موٹر سائیکل بھی برآمد ہوئیں۔

دوران تفتیش ملزمان نے اپنے 4 دیگر ساتھیوں کے ساتھ کراچی کے ضلع ایسٹ اور ساؤتھ میں درجنوں وارداتوں میں ملوث ہونےکا اعتراف کرلیا۔

گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر ان کے دیگر 4 ساتھیوں جن میں مسلم مشوری، شایان بلوچ، لیاقت اور آصف پٹھان شامل ہیں کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں، گرفتارملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے ان سے مزید تفتیش جاری ہے۔

مزید خبریں :