25 جولائی ، 2022
کراچی اور بلوچستان کے علاقوں کو پانی سپلائی کرنے والے بلوچستان کے حب ڈیم کے مکمل بھر جانے کے بعد اس کے اسپل ویز سے پانی کا اخراج کئی روز سے جاری ہے تاہم حالیہ تیز بارشوں کے بعد پیر کو صورتحال انتہائی غیر معمولی ہوگئی ہے۔
حب ڈیم کے اسپل ویز سے پانی کا غیرمعمولی اخراج جاری ہے جس سے حب ندی میں سیلابی صورتحال پیدا ہو رہی ہے اور ہنگامی صورتحال نافذ کردی گئی ہے۔ حب ندی کے اطراف کی آبادیوں سے لوگوں کا انخلا کیا جا رہا ہے، ایک اندازے کے مطابق حب ندی میں پانی کا بہاؤ کئی فٹ ہے۔
حب ڈیم سے اوور فلو پانی کراچی کیلئے بند مراد کے مقام پر بنی نئی سڑک کے پل کی گنجائش سے زائد ہے۔ یہ زائد پانی پل سے اوور فلو ہوکر سڑک کو کاٹتے ہوئے پھر ندی میں گر رہا ہے۔
علاقہ مکینوں کے مطابق اس پانی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور اس وقت حب ندی میں اونچے درجے کے سیلاب کا اعلان کیا گیا ہے۔