دنیا
Time 26 جولائی ، 2022

چین میں کووڈ کے علاج کیلئے مقامی طور پر تیار پہلی دوا کے استعمال کی منظوری

اس دوا کی منظوری ہنگامی استعمال کے لیے دی گئی / رائٹرز فوٹو
اس دوا کی منظوری ہنگامی استعمال کے لیے دی گئی / رائٹرز فوٹو

چین نے کووڈ 19 کے علاج کے لیے مقامی سطح پر تیار کی جانے والی پہلی دوا کے استعمال کی منظوری دے دی ہے۔

جینوئن بائیو ٹیک کی تیار کردہ یہ دوا اس سے قبل ایچ آئی وی کے علاج کے لیے استعمال کی جارہی تھی۔

نیشنل میڈیکل پراڈکٹس ایڈمنسٹریشن نے Azvudine نامی دوا کی ہنگامی استعمال کے لیے منظوری دی۔

یہ دوا کووڈ 19 سے معتدل حد تک بیمار افراد کو استعمال کرائی جائے گی۔

چین میں اس سے قبل فائزر کی تیار کردہ پیکسلوئیڈ نامی دوا کی بھی منظوری رواں سال فروری میں دی گئی تھی۔

مگر مقامی طور پر تیار کردہ دوا سے چین کو توقع ہے کہ کورونا وائرس کے خلاف زیرو کووڈ کے مقصد کو حاصل کرنا ممکن ہوجائے گا۔

چینی ماہرین طب کا کہنا ہے کہ وائرس کے خلاف فتح کے لیے مؤثر ویکسینز اور علاج کی ضرورت ہے۔

شنگھائی فوشن فارماسیوٹیکل گروپ نامی کمپنی نے بتایا کہ وہ دوا کی تیاری کے لیے جینوئن بائیو ٹیک کی شراکت دار ہوگی اور مستقبل میں بیرون ملک اس دوا کی فروخت کے حقوق بھی اسے حاصل ہوں گے۔

یہی کمپنی چین میں فائزر کی ایم آر این اے کووڈ ویکسین کی تیاری کے عمل کا بھی حصہ ہے، اس ویکسین کو ابھی چین میں استعمال کی منظوری نہیں دی گئی۔

Azvudine کے حوالے سے کلینکل ٹرائلز کا ڈیٹا مئی میں حکام کے پاس جمع کرایا گیا تھا، مگر اس کی تفصیلات ابھی تک جاری نہیں کی گئیں۔