18 فروری ، 2012
کراچی…وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ بلوچستان پرامریکی قراردادپاکستان کی خودمختاری کیخلاف ہے،اسامہ بن لادن کی گرفتاری میں ملوث ڈاکٹرشکیل آفریدی سے پاکستانی قانون کی مطابق نمٹاجائیگا۔وزیراعظم نے کہا کہ کوئی انہیں سیاسی شہید کہے ،یہ اسکی ذاتی رائے ہے وہ اس پر کوئی تبصرہ نہیں کریں گے۔کراچی پورٹ ٹرسٹ کے تحت برتھوں کی ازسرنو تعمیر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ ضرورمکمل کیاجائیگا،پاکستان بھارت سمیت تمام ہمسایہ ممالک کیساتھ اچھے تعلقات چاہتا ہے۔ایک سوال کے جواب میں وزیر اعظم نے کہا کہ ملکی مفادات کے تحت نیٹوسپلائی بنداورشمسی ایئربیس کو خالی کرایاگیا،اس موقع پر وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے وزیراعلی سندھ کو کراچی میں اسٹریٹ کرائم اور امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کی بھی ہدایت کی۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ لوگ کہتے ہیں کہ ملک میں ادارے تباہ ہورہے ہیں،یہ بتانا چاہتا ہوں کے پی ٹی،پی این ایس سی اور پورٹ قاسم اتھارٹی میں 18 ارب روپے کی اضافی آمدنی ہوئی ہے۔تقریب میں وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی جانب سے کے پی ٹی کے ملازمین کو ایک ماہ کا اضافی بونس دینے کا اعلان جبکہ کے پی ٹی میں سن کوٹہ بھال،یومیہ اجرت والوں کو پالیسی کے تحت مستقل ،کیماڑی میں فٹ بال گراوٴنڈ اور بابا بھٹ آئی لینڈ پر جیٹی میں مقامی لوگوں کو ترجیح دینے کی بھی ہدایت کی ہے۔بعد میں سندھ حکومت میں شامل اتحادی ایک ہی ہیلی کاپٹر میں وزیراعظم کے ہمراہ پورٹ قاسم کیلئے روانہ ہوگئے،اتحادیوں میں ایم کیو ایم،اے این پی،پیپلز پارٹی،مسلم لیگ ق اور دیگر حلیف جماعتوں کے ارکان شامل تھے۔