دنیا
Time 30 جولائی ، 2022

برازیل اور اسپین میں منکی پاکس سے پہلی ہلاکت رپورٹ

منکی پاکس سے ہلاک ہونے والے مریض کی قوت مدافت کمزور تھی اور وہ پہلے بھی دیگر بیماریوں میں مبتلا تھا: برازیلین حکام/ فائل فوٹو
منکی پاکس سے ہلاک ہونے والے مریض کی قوت مدافت کمزور تھی اور وہ پہلے بھی دیگر بیماریوں میں مبتلا تھا: برازیلین حکام/ فائل فوٹو

برازیل اور اسپین میں منکی پاکس سے پہلی ہلاکت سامنے آگئی۔

برطانوی میڈیا کے مطابق منکی پاکس میں مبتلا برازیل سے تعلق رکھنے والا 41 سالہ  شخص ہلاک ہوگیا جب کہ اس کے بعد ہلاکت کی خبر اسپین سے سامنے آئی ہے۔

گزشتہ ہفتے منکی پاکس کے بڑھتے کیسز کو دیکھتے ہوئے عالمی ادارہ صحت نے اسے عالمی ہیلتھ ایمرجنسی قرار دیا ہے۔

تاہم عالمی ادارہ صحت کہنا ہےکہ منکی پاکس انفیکشن کی علامات ہلکی ہیں اور اس کے عام آبادی پھیلنے کے امکانات کسی حد تک کم ہیں۔

برازیل کی وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ منکی پاکس سے ہلاک ہونے والے مریض کی قوت مدافعت کمزور تھی اور وہ پہلے بھی دیگر بیماریوں میں مبتلا تھا۔

رپورٹ کے مطابق برازیل میں منکی پاکس کے اب تک  ایک ہزار 66  کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے اور 513 مشتبہ کیسز ہیں جب کہ تصدیق شدہ کیسز  میں 98 فیصد مریض مرد ہیں۔

علاوہ ازیں اسپین کی وزارت صحت نے بھی منکی پاکس وائرس سے پہلی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔

اسپین کی وزارت صحت کا کہنا ہےکہ ملک میں اس وقت منکی پاکس کے 3 ہزار 750 کیسز کی اطلاعات ہیں جن میں سے 120 افراد اسپتال میں زیر علاج ہیں اور ایک کی ہلاکت ہوئی ہے۔

دوسری جانب سینٹر فار ڈیزز کنٹرول کے مطابق دنیا بھر میں اس وقت منکی پاکس وائرس میں مبتلا افراد کی تعداد 21  ہزار سے زائد ہے۔

مزید خبریں :