19 اگست ، 2022
آزاد کشمیر کی وادی نیلم میں رتی گلی جھیل کے قریب کلاؤڈ برسٹ سے آنے والے سیلابی ریلے کی زد میں آکر لاپتہ ہونے والے 5 میں سے 2 سیاحوں کی لاشیں مل گئیں۔
ڈپٹی کمشنرنیلم خواجہ اعجازکے مطابق 5 سیاح 13 اگست کو وادی نیلم آئے تھے اور مقامی افراد نے پانچوں سیاحوں کی سیلابی ریلے کی زد میں بہہ جانے کی تصدیق کی۔
ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ 5 میں سے دو کی لاشیں دریا نیلم کشن گنگا کے کنارے سے مل گئی ہیں جبکہ باقی لاپتہ افراد کی تلاش کا کام جاری ہے۔
حکام نے بتایا کہ رتی گلی کلاؤڈ برسٹ کے بعد علاقے میں پھنس جانے والے 200 سے زائد سیاحوں کو بحفاظت ریسکیو کر لیا گیا ہے جبکہ سیلابی ریلے سے تین مکانات، منی ہائیڈرل پاوراسٹیشن اورچارگاڑیاں بھی تباہ ہوگئیں۔
ماہرین کے مطابق کلاؤڈ برسٹ ایک قدرتی عمل ہے تاہم جنگلات کی بے دریغ کٹائی کے بعد کلاؤڈ برسٹ کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔