28 اگست ، 2022
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ اپنی زندگی میں اس طرح کا سیلاب نہیں دیکھا، دیہات کے دیہات صفحہ ہستی سے مٹ گئے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا ساتھ ہی جعفرآباد، جھل مگسی اور دیگر علاقوں کا فضائی جائزہ بھی لیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ 2010 کاسیلاب سندھ اور ملحقہ علاقوں تک محدود تھا لیکن اس بار پانی چاروں طرف پھیلاہوا ہے، سیلاب سے سندھ اور بلوچستان سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں جبکہ سوات، دیر، کالام بارش سے تباہی کا شکار ہوگئے ہیں۔
میں نےاپنی زندگی میں اس طرح کاسیلاب نہیں دیکھا
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ دریاکےکنارےقائم گھر اور ہوٹل دریا برد ہوگئے، پورے پاکستان میں کھڑی فصلیں تباہ ہوگئیں، چاول کی فصل مکمل طورپر تباہ ہوگئی ہے، بجلی کےکھمبے گر گئے، ٹرانسفارمرز کو بھی نقصان پہنچا۔
ان کا کہنا تھا میں نے اپنی زندگی میں اس طرح کا سیلاب نہیں دیکھا، دیہات کے دیہات صفحہ ہستی سے مٹ گئے ہیں، ایک ہزار لوگ اللہ کو پیارے ہوگئے، ہزاروں زخمی ہوگئے۔
مصیبت کی گھڑی میں جہاں سےامدادمل رہی ہےان کےشکرگزارہیں
وزیر اعظم نے پاکستان کو ملنے والی امداد سے متعلق بتاتے ہوئے کہا کہ ترکیہ سے دو امدادی جہاز کراچی پہنچ رہے ہیں، یواےای سے امدادی سامان لے کر جہاز آج اسلام آباد پہنچےگا، برطانیہ کی حکومت نے ڈیڑھ ملین پاؤنڈ امدادکا اعلان کیا ہے، مصیبت کی گھڑی میں جہاں سے امدادمل رہی ہے ان سب کے شکرگزار ہیں، ایران، ترکیہ کے صدور نے مجھ سے بات کی اور جانی نقصان پر دکھ کا اظہارکیا۔
شہباز شریف نے گفتگو میں قوم سے اپیل کی کہ کروڑوں بھائی اور بچے امدادکے منتظر ہیں، ان کاہاتھ تھامیں اور کہا کہ ایک شخص نےکل رات 6کروڑ روپے دیے اور کہا کہ نام نہ بتایاجائے، ایک گروپ نے 45کروڑ روپے اکاؤنٹ میں جمع کرائے ہیں، لاکھوں پاکستانی اپنی مدد آپ پانی اور خوراک پہنچا رہے ہیں۔
شہباز شریف نے بتایا کہ وفاقی حکومت ہر خاندان کو 25 ہزار روپے دے رہی ہے، این ڈی ایم اے اور بینظیر انکم سپورٹ کے ذریعے امداد تقسیم کر رہےہیں، ایک ہفتے میں 25 ارب روپے متاثرین میں تقسیم ہوں گے، نقصانات کا مزید تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔
سندھ کےلیے15ارب روپےاور وفاق کی طرف سےبلوچستان کے لیے 10ارب روپےکی گرانٹ کااعلان کررہاہوں
انھوں نے بتایا کہ سندھ میں بے پناہ تباہی ہوئی ہے، دریائے سندھ کے چاروں طرف تباہی مچی ہے، سندھ کےلیے 15ارب روپےاور وفاق کی طرف سے بلوچستان کے لیے 10 ارب روپےکی گرانٹ کا اعلان کر رہاہوں۔
وزیر اعظم کے مطابق میری آرمی چیف اور نیوی چیف سے بات ہوئی ہے،کل رات ائیر چیف سے بھی بات ہوئی ہے، انھوں نے بتایا کہ درجنوں ہیلی کاپٹر فیلڈ میں ہیں، 50 ہزار لوگوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا جا چکا ہے، آج موسم بہتر ہے، ہیلی کاپٹرامدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ سیلاب روکنےکاکام باتوں اور الزام سے نہیں ہوگا، دنیا نے محنت اور سرمایہ کاری سے سیلاب روکا ہے، باتیں کرکے، الزام لگاکے اور جھوٹ بول کر قوم کو کب تک دھوکا دیں گے، 75سال ہو گئے پاکستان آج تک اپنے پاؤں پرکھڑا نہیں ہو سکا۔