Time 31 اگست ، 2022
پاکستان

کابینہ نے ایران اور افغانستان سے پیاز، ٹماٹر کی درآمد کی منظوری دیدی

بھارت سے ٹماٹر اور پیاز کی درآمد کا فیصلہ نہیں ہوا، اس حوالے سے مشاورت کے بعد فیصلہ کریں گے: وزیر تجارت/ فائل فوٹو
بھارت سے ٹماٹر اور پیاز کی درآمد کا فیصلہ نہیں ہوا، اس حوالے سے مشاورت کے بعد فیصلہ کریں گے: وزیر تجارت/ فائل فوٹو

اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے ایران اور افغانستان سے پیاز، ٹماٹر کی درآمد کی منظوری دے دی۔

وزیر تجارت نوید قمر نے بتایا کہ وفاقی کابینہ سے سرکولیشن سمری کے ذریعے منظوری لی گئی البتہ بھارت سے ٹماٹر اور پیاز کی درآمد کا فیصلہ نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ مارکیٹ میں سبزیوں کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے دباؤ ہے، قیمتوں میں استحکام کیلئے دو ملکوں سے درآمد کی اجازت دی ہے جب کہ ٹماٹر اور پیاز کی درآمد کیلئے ٹیکس چھوٹ دی جائے گی۔

وزیر تجارت کا کہنا تھا کہ ایران اور افغانستان سے درآمد نجی شعبہ کرے گا جس میں حکومت سہولت کار ی کا کردار ادا کرے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت سے درآمد سے متعلق باتیں سامنے آرہی ہیں اس حوالے سے فیصلہ تمام اسٹیک ہولڈرزسے مشاورت کے بعد کیا جائےگا، یہ بھی دیکھا جائے گا کہ خارجہ پالیسی پر کیا اثرات پڑیں گے۔

دوسری جانب کابینہ نے پیاز اور ٹماٹر پر ٹیکس چھوٹ کی بھی منظوری دے دی ہے جو 31 دسمبر 2022 تک ہوگی۔

مزید خبریں :