Time 01 فروری ، 2025
پاکستان

پختونخوا حکومت نے کرم جرگے سے اسسٹنٹ کمشنر پر حملہ کرنے والوں کی حوالگی کا مطالبہ کردیا

کرم میں گزشتہ روز اسسٹنٹ کمشنر سعید منان پر فائرنگ کے واقعے سے متعلق خیبرپختونخوا حکومت نے  جرگے سے ملوث افراد کی نشاندہی اور حوالگی کا مطالبہ کردیا۔

سرکاری ذرائع کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر پرفائرنگ کامقصد کوہاٹ میں گرینڈ جرگے کو ناکام بنانا تھا لیکن گزشتہ روزجرگہ کامیابی سےمنعقد ہوا اور اس حوالے سے فریقین نے حکومت کو مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ امن معاہدے کےتحت فریقین اور امن کمیٹی نےقیام امن کی ضمانت دی ہے اور اسسٹنٹ کمشنرپرحملہ کرنے والوں کےخلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

سرکاری ذرائع کے مطابق معاہدے کے تحت فریقین شرپسندوں کےخلاف کارروائی میں حکومت کا ساتھ دیں گے۔

دوسری جانب اسسٹنٹ کمشنرسعید منان اسپتال میں بدستور زیرعلاج ہیں اور ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

ذرائع نے بتایاکہ  معاہدے کے تحت فریقین کو اسلحہ جمع کرانا ہوگا اور بنکرز گرانےہوں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز کرم کے علاقے بوشہرہ میں اسسٹنٹ کمشنر فائرنگ کے واقعے میں زخمی ہوئے تھے، واقعے میں 3 اہلکار بھی زخمی ہوئے جن میں سے آج ایک دم توڑ گیا۔

مزید خبریں :