Time 02 ستمبر ، 2022
کھیل

ہانگ کانگ کیخلاف میچ کے بعد وسیم اکرم کی محمد رضوان پر تنقید

ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں سپر فور مرحلے کا آغاز کل سے ہو گا، بھارت ، افغانستان ، سری لنکا اور پاکستان سپر فور مرحلے کیلئے کوالیفائی کر چکے ہیں۔

ایشین کرکٹ کونسل کے مطابق سپر فور کوالیفکیشن میں بھارت اے 1 ہے جبکہ پاکستان اے 2 قرار پایا ہے۔ بی 1سری لنکا اور بی 2 افغانستان کی ٹیم ہے۔

سپر فور کے پہلے میچ میں کل شارجہ میں سری لنکا اور افغانستان کی ٹیمیں مد مقابل ہوں گی۔

ہانگ کانگ کیخلاف میچ میں قومی کرکٹرز کی پرفارمنس کو جہاں سراہا جارہا ہے وہیں قومی ٹیم کے سابق کپتان اور لیجنڈ فاسٹ بولر وسیم اکرم نے میچ میں 78 رنز ناٹ آؤٹ بنانے والے محمد رضوان پر تنقید کی ہے۔

میچ کے بعد اپنے تبصرے میں وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ’رضوان کا ناٹ آؤٹ جانا میرے نزدیک درست نہیں، ٹھیک ہے اگر آپ تھکے ہوئے ہیں تو کچھ باؤنڈریز لگانے کی کوشش کریں، آؤٹ ہوجائیں، آپ کے پاس لائن اپ میں آصف ہیں، افتخار ہیں ، نواز ہیں، شاداب ہیں، آپ کی بیٹنگ آٹھویں نویں نمبر تک ہے۔‘

وسیم اکرم نے مزید کہا کہ ’اس فارمیٹ میں 57 گیندوں پر 78 رنز بناکر ناٹ آؤٹ جانے کا کیا فائدہ ، معاف کیجئے گا مجھے یہ پسند نہیں آیا۔‘

خیال رہے کہ محمد رضوان نے میچ میں 57 گیندوں پر 78 رنز بنائے اور مین آف دی میچ قرار پائے۔

مزید خبریں :