19 فروری ، 2012
کراچی …کراچی میں کورنگی اور بلوچ کالونی کے درمیان ملیر ندی کے کاز وے پر باراتیوں سے بھری بس کنکریٹ بیرئیر سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں تین خواتین اور دو بچوں سمیت سات افراد جاں بحق اور آٹھ زخمی ہو گئے۔حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی نماز جنازہ کورنگی نمبر ڈھائی میں ادا کردی گئی ہے۔کورنگی سے لالو کھیت جانے والی باراتیوں سے بھری ایک بس ملیر ندی کے کاز وے پر ہیوی ٹریفک کو داخل ہونے سے روکنے کے لئے قائم اوور ہیڈ بیرئیر سے ٹکرا گئی۔ٹکر کے نتیجے میں بیرئیر کا ایک حصہ باراتیوں کی بس پرگر گیا اوربس درمیان سے مکمل طور پر دب گئی جس سے سات افراد ہلاک اور اٹھ زخمی ہوگئے ، ہلاک ہونے والوں میں ایک ہی خاندادن کے چھ افراد بھی شامل ہیں عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ بس ڈرائیوراندھیرے کے باعث اوور ہیڈ بیرئیر کو دیکھ نہیں سکا اور حادثہ پیش آگیا۔ پولیس نے واقعے کے ذمے دار ڈرائیور کو گرفتار کرلیا ہے۔ بس میں سوار افراد کورنگی کے رہائشی تھے۔بس ڈرائیورسجاد نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسافروں نے اسے کاز وے کے راستے سے جانے کا کہا تھا۔واقعہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کی نماز جنازہ کورنگی نمبر ڈھائی میں ادا کردی گئی ہے۔