19 فروری ، 2012
اسلام آباد…ملک کے بالائی علاقوں اورمختلف مقامات پر آج بھی برفباری کا سلسلہ جاری ہے ،کئی مقامات پر رابطہ سڑکو ں کی بندش سے نظام زندگی بری طرح متاثر ہے۔شمالی بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم ابر آلود ہے۔توبہ اچکزئی ،توبہ کاکڑی ،زیارت،اور کان مہتر زئی میں وقفے وقفے سے برفباری جاری ہے۔کوڑک ٹاپ سے برف ہٹا کر شاہراہ کوچھوٹی گاڑیوں کے لئے کھول دیاگیا ہے۔استور اور غذر کے پہاڑوں اور بالائی علاقوں میں تین روز سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔مسلسل برفباری سے تمام رابطہ سڑکیں بند ہوگئی ہیں اور نظام زندگی بری طرح متاثر ہے۔جبکہ بجلی کی سپلائی بھی معطل ہے۔مالاکنڈڈویڑن کے بالائی علاقوں کالام ،مالم جبہ اور لواری ٹنل میں برفباری ہورہی ہے۔میدانی علاقوں میں گہرے بادل چھائے ہوئے ہیں۔مری اور ہزارہ ڈویژن میں موسم ابرآلود ہے۔جنوبی اورشمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں برف باری آج صبح شروع تو سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا۔برفباری سے کانی گرم وانا اور شکئی جانے والی رابطہ سڑکیں بندہیں۔آزادکشمیر میں موسم ابر آلود ہے ،بالائی علاقوں میں برفباری جاری ہے۔ بالائی وادی نیلم کا شاردا سے رابطہ کئی روز سے منقطع ہے۔