06 ستمبر ، 2022
متحدہ عرب امارات میں جاری ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے سپر فور مرحلے میں سری لنکا نے بھارت کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں پہنچنے کی راہ ہموار کرلی۔
سری لنکا نے بھارت کا 174 رنز کا ہدف آخری اوور میں پورا کیا،کوشل مینڈس57 رنز بناکر نمایاں رہے۔
سری لنکا کے خلاف میچ کے بعد پریس کا نفرنس میں بھارتی کپتان روہت شرما نے کہا کہ میچ ہارتے ہیں تو گڑ بڑ لگتی ہے، مگر شکست کے باوجود ڈریسنگ روم کا ماحول اچھا رکھ رہیں ہیں، پلئیرز میں قابلیت ہے، جب یہ پلئرز یہاں ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف کیچ ڈارپ کرنے کے بعد ارشدیپ سنگھ تھوڑا اداس رہے البتہ سوشل میڈیا ہم نہیں دیکھتے، ٹیم کی جیت کیلئے پرعزم ہیں۔
دوسری جانب روہت شرما نے ایشیاکپ کے فائنل کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بھارت کافائنل ہوگا،فکر نہ کرو۔
واضح رہے کہ ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان فائنل کا امکان ختم ہوگیا۔
ایشیا کپ سپر فور کے میچ میں انڈیا کو سری لنکا نے چھ وکٹ سے شکست دی جس کے بعد سپر 4 میں سری لنکا دو میچز میں چار پوائنٹس کے ساتھ پہلی، پاکستان ایک میچ میں دو پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن پر ہے۔