11 ستمبر ، 2022
کراچی کے علاقےکٹی پہاڑی پر ہونے والا پولیس مقابلہ تحقیقات میں جعلی نکلا۔
پولیس حکام کے مطابق شاہراہ نور جہاں تھانےکی حدود میں کٹی پہاڑی کے علاقے میں ہونے والا پولیس مقابلہ تحقیقات میں جعلی نکلا ہے جس کے بعد واقعے میں ملوث چار اہلکاروں کو گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہےکہ چاروں اہلکار کٹی پہاڑی پر اسنیپ چیکنگ میں مصروف تھے، اس دوران ایک شہری فریدالدین نے اہلکاروں کے اشارہ کرنے پر موٹرسائیکل نہیں روکی جس پر اہلکاروں نے فائرنگ کردی، فائرنگ کے نتیجے میں نوجوان زخمی ہوگیا۔
تحقیقات میں ثابت ہوا کہ غلطی چھپانےکے لیے اہلکاروں نے جھوٹ بولا کہ نوجوان نے پولیس پر فائرنگ کی، تحقیقات میں چاروں اہلکار غلط اور مقابلہ جعلی ثابت ہوا۔
واقعےکا مقدمہ زخمی نوجوان کے والد کی مدعیت میں شاہراہ نور جہاں تھانے میں درج کرلیا گیا۔