22 ستمبر ، 2022
الیکشن کمیشن نے این اے 24 چارسدہ کے ضمنی انتخابات میں سرکاری وسائل اور ہیلی کاپٹر کے استعمال کے معاملے میں چیئرمین تحریک انصاف کو دوبارہ نوٹس جاری کر دیا۔
عمران خان اور وزیراعلیٰ محمود خان کے خلاف ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کیس کی سماعت نثار درانی کی سربراہی میں 4 رکنی بینچ نے کی۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کے وکیل الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے اور مؤقف اختیار کیا کہ ہمیں کل نوٹس موصول ہوا، اس کا جواب جمع کرا رہے ہیں، کل ڈی ایم او چارسدہ میں اس کیس کی سماعت ہے۔
ممبر الیکشن کمیشن نے کہا کہ بار بار ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے، ایک حلقے کی نہیں بلکہ ہر حلقے کی خلاف ورزی دیکھیں گے۔
اسپیشل سیکریٹری الیکشن کمیشن نے کہا کہ یہ مسلسل ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کر رہے تھے، یہ کیس ہمیں جوائنٹ صوبائی الیکشن کمشنر نے بھیجا ہے، انہوں نے 4 بار ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی ہے۔
ممبر الیکشن کمیشن نے کہا کہ آپ نے پشاور میں خلاف ورزی کی تو جرمانہ ہوا، پھر چارسدہ میں خلاف ورزی ہوئی، سرکاری مشینری آپ کے کنٹرول میں ہے، آپ پر الزام ہے کہ ہیلی کاپٹر سمیت ساری سرکاری مشینری ضمنی الیکشن میں استعمال ہوئی، آپ اپنے قانونی اعتراضات تحریری طور پر ہمیں دے دیں۔
وکیل وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا کہ آپ کا نوٹس چارسدہ این اے 24 سے متعلق ہے، ضابطہ اخلاق پر ڈی ایم او جرمانہ ہی نہیں کر سکتا، میں اپنے اعتراضات تحریری طور پر جمع کرا دیتا ہوں۔
عمران خان کی طرف سے کوئی الیکشن کمیشن میں پیش نہیں ہوا جس پر الیکشن کمیشن نے چیئرمین تحریک انصاف کو دوبارہ نوٹس جاری کر دیا۔