Time 26 ستمبر ، 2022
پاکستان

آئندہ پتھر کا جواب اینٹ سے دیں گے: عطا تارڑ کا مریم سے کی گئی بدتمیزی پر ردعمل

آڈیو لیکس میں کہیں نہ کہیں تحریک انصاف کا ہاتھ ہے جس کا مقصد وزیراعظم کے کامیاب دورے سے توجہ ہٹانے: معاون خصوصی وزیراعظم — فوٹو: فائل
آڈیو لیکس میں کہیں نہ کہیں تحریک انصاف کا ہاتھ ہے جس کا مقصد وزیراعظم کے کامیاب دورے سے توجہ ہٹانے: معاون خصوصی وزیراعظم — فوٹو: فائل

معاون خصوصی وزیراعظم عطا تارڑ نے کہا ہے کہ مریم اورنگزیب نے بڑے حوصلے کے ساتھ یوتھیوں کی بدتمیزی برداشت کی اگر وہ اس جگہ ہوتے تو موقع پر جواب دیتے، اگر آئندہ ایسا ہوا تو پتھر کا جواب اینٹ سے دیں گے۔

گوجرانوالہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ وزیر اعظم نے اقوام متحدہ کے اپنے خطاب میں ’’میں، میں‘‘ نہیں کی بلکہ ملک کے ایشوز کو اجاگر کیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے قرضوں کو کم اور معاف کرنے کا کہا کیونکہ سیلاب سے پاکستان میں تین کروڑ تیس لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں جن کی بحالی کیلئے تمام ممالک کے سربراہان نے پاکستان کو امداد دینے کا وعدہ کیا ہے۔

آڈیو لیک پر بات کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ آڈیو لیکس میں کہیں نہ کہیں تحریک انصاف کا ہاتھ ہے کیونکہ وزیراعظم کے کامیاب دورے سے توجہ ہٹانے کیلئے ایسا کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر اس آڈیو کو سچ مان لیا جائے تو اس میں کچھ نہیں نکلا بلکہ اس آڈیو لیک میں ہماری پارٹی کی اندرونی گفتگو میں بھی شفافیت نظر آتی ہے۔

خیال رہےکہ وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کو پاکستان تحریک انصاف کےکارکنوں نے لندن میں گھیر لیا تھا، اس دوران ان پر الزامات لگائےگئے اور مغلظات بکی گئیں۔

مریم اورنگزیب ماربل آرچ پر ایک کافی شاپ میں کافی لینےکیلئے رکی تھیں، اس دوران پی ٹی آئی کے کارکن آگئے اور انہوں نے وزیر اطلاعات کے ساتھ نامناسب رویہ اپنایا۔

پی ٹی آئی کی خواتین نے مریم اورنگزیب پر الزامات لگائے،کافی شاپ میں کھڑی مریم اورنگزیب پرپی ٹی آئی کی خواتین نے چور ہونےکا الزام بھی لگایا، اس موقع پر مردکارکن بھی موجود تھے۔

مزید خبریں :