25 ستمبر ، 2022
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا لندن میں پی ٹی آئی کارکنوں کے رویے پر ردعمل سامنے آگیا۔
ایک بیان میں مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران خان کی نفرت انگیز سیاست کا اپنے بھائیوں اور بہنوں پر زہریلا اثر دیکھ کر دکھ ہوا۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ میں نے ان کے ہر سوال کا جواب دیا، افسوس وہ عمران خان کے پروپیگنڈےکا شکار ہیں،عمران خان کی زہریلی سیاست کا مقابلہ کرنے اور لوگوں کو متحدکرنےکے لیے کام جاری رکھیں گے۔
خیال رہےکہ وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کو پاکستان تحریک انصاف کےکارکنوں نے لندن میں گھیرلیا تھا، اس دوران ان پر الزامات لگائےگئے اور مغلظات بکی گئیں۔
مریم اورنگزیب ماربل آرچ پر ایک کافی شاپ میں کافی لینےکے لیے رکی تھیں، اس دوران پی ٹی آئی کے کارکن آگئے اور انہوں نے وزیر اطلاعات کے ساتھ نامناسب رویہ اپنایا۔
پی ٹی آئی کی خواتین نے مریم اورنگزیب پر الزامات لگائے،کافی شاپ میں کھڑی مریم اورنگزیب پرپی ٹی آئی کی خواتین نے چور ہونےکا الزام بھی لگایا، اس موقع پر مردکارکن بھی موجود تھے۔
خواتین نے الزام لگایا کہ مریم اورنگزیب پاکستانی عوام کا پیسا لندن میں لٹا رہی ہیں، احتجاج کرنے والے مریم اورنگ زیب کے ساتھ ساتھ چلتے رہے، تاہم مریم اورنگزیب نے انہیں کوئی جواب نہیں دیا اور خاموشی سے مسکراتی رہیں۔