26 ستمبر ، 2022
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کے ساتھ لندن میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے کارکنوں کی جانب سے کی گئی بدتمیزی پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
ٹوئٹر پر جاری بیان میں وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مریم اورنگزیب نے پی ٹی آئی کارکنوں کے ہراساں کرنے پر جس ظرف کا مظاہرہ کیا وہ قابل فخر ہے۔
شہباز شریف نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ مریم اورنگزیب نے اپنے عمل سے ہراساں کرنے والوں اور ان کے سپورٹر زکا مکروہ چہرہ بے نقاب کیا۔
دوسری جانب مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے بھی ٹوئٹر پر جاری بیان میں مریم اورنگزیب پر فخر کیا۔
مریم نواز نے اپنی ٹوئٹ میں مریم اورنگزیب کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا کہ’ مجھے تم پر بے حد فخر ہے‘۔
خیال رہےکہ وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کو پاکستان تحریک انصاف کےکارکنوں نے لندن میں گھیر لیا تھا، اس دوران ان پر الزامات لگائےگئے اور مغلظات بکی گئیں۔
مریم اورنگزیب ماربل آرچ پر ایک کافی شاپ میں کافی لینےکیلئے رکی تھیں، اس دوران پی ٹی آئی کے کارکن آگئے اور انہوں نے وزیر اطلاعات کے ساتھ نامناسب رویہ اپنایا۔
پی ٹی آئی کی خواتین نے مریم اورنگزیب پر الزامات لگائے،کافی شاپ میں کھڑی مریم اورنگزیب پرپی ٹی آئی کی خواتین نے چور ہونےکا الزام بھی لگایا، اس موقع پر مردکارکن بھی موجود تھے۔