27 ستمبر ، 2022
وزیر اعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی عطا تارڑ نے اعلان کیا ہےکہ وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب سے لندن میں بدتمیزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائےگی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ مریم اورنگزیب کے ساتھ برطانیہ میں جو واقعہ پیش آیا اس کی مذمت کرتا ہوں، میں نے ایک درخواست تیار کی ہے جو آج وزارت داخلہ میں جمع کرواؤں گا۔
انہوں نے کہا کہ ویزے کے حصول کے لیے وزارت داخلہ ایک کریکٹر سرٹیفکیٹ جاری کرتی ہے، اس طرح کے واقعات میں ملوث افراد کے کریکٹر سرٹیفکیٹ بھی منسوخ کیے جائیں گے۔
پریس کانفرنس میں عطا تارڑ نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کے خلاف جو ٹرینڈ چل پڑا ہے وہ ناقابل قبول ہے، اس پر مکمل کارروائی ہو گی، ایسے افراد کے پاکستانی پاسپورٹ بھی کینسل کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے کارکنوں کی حوصلہ افزائی کی تو پھر آپ بھی گھر سےنہیں نکل سکیں گے، ایسے اقدامات ہوں گے تو پتہ چل جائے گا کہ کیسے نہتی خاتون کو گھیر کر نشانہ بنایا جاتا ہے۔
خیال رہے کہ دو روز قبل مریم اورنگزیب کو لندن میں پی ٹی آئی کے کارکنان نے ایک کافی شاپ میں گھیر لیا تھا، اس دوران پی ٹی آئی کے مرد اور خواتین کارکنوں نے مریم اورنگزیب پر پاکستانی عوام کا پیسا لندن میں لٹانے کا الزام لگانے سمیت نامناسب زبان بھی استعمال کی تھی۔