پاکستان
28 نومبر ، 2012

کراچی کی نئی حلقہ بندی ،لائحہ عمل طے کرنے کیلئے الیکشن کمیشن کو3دن کی مہلت

کراچی کی نئی حلقہ بندی ،لائحہ عمل طے کرنے کیلئے الیکشن کمیشن کو3دن کی مہلت

کراچی…سپریم کورٹ نے سیکریٹری الیکشن کمیشن کو کراچی میں نئی حلقہ بندیوں پر لائحہ عمل طے کرکے تین دن میں عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر میں ایسے انتخابی حلقے تشکیل دیئے جائیں جہاں کسی ایک گروپ یا سیاسی جماعت کی اجارہ داری قائم نہ ہو۔سپریم کورٹ کے لارجر بینچ نے جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں کراچی بدامنی کیس کے فیصلے پر عملدرآمد کا جائزہ لیا۔جسٹس انور ظہیر جمالی نے سیکریٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد کو حکم دیتے ہوئے کہا کہ وہ تین روز میں حکومت سندھ کے ساتھ مل کر کراچی میں حلقہ بندیوں کا طریقہ کار طے کریں اور رپورٹ عدالت میں میں پیش کریں۔سیکریٹری الیکشن کمیشن نے عدالت میں اپنے بیان میں کہا کہ الیکشن کمیشن سپریم کورٹ کے حکم پر عمل درآمد کے لئے تیار ہے، کراچی کی نئی حلقہ بندی نہ صرف کراچی بلکہ ملک ، عوام اور سیاسی جماعتوں کے لئے بہتری کا باعث بنیں گی۔انہوں نے کہا کہ آج الیکشن کمیشن اور حکومت سندھ الگ الگ اجلاس بلاکر اپنے طریقہ کار طے کریں گے۔ سب کی خواہش کے کہ کراچی کے حالت ٹھیک ہوجائیں۔ سیکریٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد میڈیا نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جمعہ کراچی کے اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ اجلاس کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ کراچی کی نئی حلقہ بندیاں کرنے میں صرف ٹیکنیکل نہیں، سیاسی مسائل بھی ہیں۔ اشتیاق احمد نے مزید بتایا کہ عدالتی احکامات پر عمل درآمد کیلئے 3تجاویز دی ہیں۔ سیکریٹری الیکشن کمیشن نے کہا کہ نئی حلقہ بندیوں کے لیے پہلا مرحلہ مردم شماری کا ہوتا ہے جو پورا نہیں ہوا۔

مزید خبریں :