03 اکتوبر ، 2022
چیئرمین پی سی بی رمیز راجا کا کہنا ہے کہ یہ کیسے ہو سکتا ہے کہ 17 برس بعد پاکستان کا دورہ کرنے والی انگلش ٹیم کو خالی ہاتھ واپس بھیجتے۔
گزشتہ روز انگلینڈ کے ہاتھوں فیصلہ کن ٹی ٹوئنٹی میں شکست کے بعد ہونے والی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رمیز راجا کا کہنا تھا کہ 17 برس بعد انگلینڈ کی ٹیم کی میزبانی ہمارے لیے بہت ہی فخر اور اعزاز کی بات ہے۔
چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا یہ کیسے ہو سکتا ہے کہ ہم اتنے طویل عرصے کے بعد پاکستان کا دورہ کرنے والی ٹیم کو ٹرافی نہ دیتے اور انہیں خالی ہاتھ واپس بھیجتے، سچ کہوں تو انگلینڈ نے بہت اچھا کھیلا اور وہ ٹرافی کے حقدار بھی تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ہونے والی پوری سیریز ہی بہت شاندار تھی سوائے آخری دو میچز کے جس میں انگش ٹیم نے گرین شرٹس کو آؤٹ کلاس کیا۔
رمیز راجا کا کہنا تھا کہ پاکستان کے سیکھنے کے لیے بہت سی چیزیں ہیں لیکن ہم بہت سی نیک تمناؤں کے ساتھ اپنی ٹیم کو ورلڈ کپ میں بھیج رہے ہیں، ہمیں اپنی ٹیم کو سپورٹ کرنا چاہیے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز کھیلے گئے 7 میچوں کی سیریز کے آخری میچ میں انگلینڈ کے یکطرفہ مقابلے کے بعد پاکستان کو 67 رنز سے شکست دیکر سیریز اپنے نام کی تھی۔