07 اکتوبر ، 2022
پاکستان کے پائلٹس کی تنظیم پالپا نے ملک بھر کے پائلٹس کو ممبر شپ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق پالپا کی ایگزیکٹو کمیٹی نے پی آئی اے کے علاوہ اب نجی ائیرلائنز کے پائلٹس کو بھی تنظیم میں شامل کرنے کے منظوری دے دی ہے۔
پہلے مرحلے میں نجی ائیرلائنزکے پائلٹس کو ایسوسی ایٹڈ ممبرشپ دی جائے گی اور پالپا کے قوانین میں تبدیلی کے بعد نجی ائیرلائنز کے پائلٹس کو تنظیم کی کونسل ممبر شپ دی جائے گی۔
پالپا کے صدر کیپٹن سلمان چوہدری نے کہا کہ اس تاریخی فیصلے سے ملکی ایوی ایشن انڈسٹری کی بہتری کے لیے پالپا کا کردار مزید اہم ہوگا۔
پائلٹس کی عالمی تنظیم انٹرنیشنل فیڈریشن فار پائلٹس نے بھی پی آئی اے کے علاوہ دیگر ائیرلائنز کے پائلٹس کو پالپا میں شامل کرنے کی سفارش کی تھی، فیصلہ پائلٹس کی فلاح و بہبود اور مسائل کے حل کے لیے کیا گیا ہے۔