Time 08 اکتوبر ، 2022
پاکستان

کراچی کی بچہ جیل میں 6 سال سے ڈاکٹر نہ ہونے کا انکشاف

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

کراچی میں 16 سال سے کم عمر ملزمان کی (بچہ) جیل میں 6 سال سے ڈاکٹر نہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

یہ انکشاف جزلان قتل کیس کی سماعت کے دوران ہوا، سپرنٹنڈنٹ ریمانڈ ہوم کی جانب سے عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں کہا گیا کہ جزلان قتل کیس کے کم عمر ملزم محمد حسین کو ریمانڈ ہوم میں ڈینگی ہوگیا ہے، ریمانڈ ہوم میں کوئی ڈاکٹر نہیں ہے، ملزم کا علاج وہاں نہیں ہوسکتا۔

 سپرنٹنڈنٹ ریمانڈ ہوم نے عدالت سے استدعا کی کہ کم عمر ملزم کو علاج کے لیے بڑوں کی جیل منتقل کرنے کی اجازت دی جائےجب کہ ملزم محمد حسین کے وکیل قمبر عباس ایڈووکیٹ نے ملزم کو بڑوں کی جیل منتقل کرنے پر اعتراض کیا۔

 قمبر عباس کا کہنا تھا کہ  حکومت نے 16 سال سے کم عمر اور بڑوں کے لیے الگ الگ جیل قائم کر رکھی ہیں، ملزم محمد حسین کو ریمانڈ ہوم میں ہی علاج کی سہولت فراہم کرنے کا حکم دیا جائے۔

عدالت نے محمد حسین کو ریمانڈ ہوم میں ہی علاج کی سہولت فراہم کرنے کا حکم دے دیا۔

 عدالت نے حکم دیا کہ سینٹرل جیل بھی ساتھ ہی واقع ہے وہاں کے ڈاکٹر کی خدمات حاصل کرلی جائیں اور ضرورت پڑنے پر ملزم کو علاج کے لیے جیل سے باہر کسی بھی اسپتال منتقل کردیا جائے۔

مزید خبریں :