16 اکتوبر ، 2022
پاکستان جونیئر لیگ کے دلچسپ مقابلے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں جاری ہیں جہاں مقامی اور غیر ملکی کھلاڑیوں کو اپنا ٹیلنٹ دکھانے کا موقع مل رہا ہے۔
غیر ملکی کھلاڑی لیگ کے دوران اپنے والدین کے ساتھ موجود ہیں اور گوجرانوالا جائنٹس کے امریکی کرکٹر میتھیو ٹرامپ کی والدہ بھی پی جے ایل کے میچز باقاعدگی سے اسٹیڈیم آکر دیکھ رہی ہیں۔
میتھیو ٹرامپ کی والدہ نے جیو نیوز سے گفتگو میں کہا کہ لیگ کے لیے پاکستان آنے کا تجربہ شاندار رہا، بہت اچھے انتظامات کیے گئے ہیں، یہاں کرکٹ کا معیار اچھا ہے جبکہ بیٹے کو کھیلتے ہوئے دیکھ کر اچھا محسوس ہو رہا ہے۔
میتھیو مجھے بتاتارہتا ہے کہ اس نے کیا سیکھا اور کتنا فائدہ ہوا:والدہ
انہوں نے لاہور میں گزارے دنوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میتھیو مجھے بتاتا رہتا ہے کہ اس نے کیا سیکھا اور کتنا فائدہ ہوا، وہ روزانہ کرکٹ کھیل رہا ہے اور کھیل کر تھک بھی جاتا ہے، یہ سب اچھا لگ رہا ہے اور لاہور میں کھانے کا مزہ بھی آیا ، یہاں کھانے کی کوئی شکایت نہیں ہے۔
دوسری جانب میتھیو ٹرامپ بھی پاکستان میں اپنی والدہ کی موجودگی کی وجہ سے خوش ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ قذافی اسٹیڈیم میں والدہ نے میچز دیکھے جو اچھا لگا، وہ مجھے دیکھ کر تالیاں بجاتی تھیں حالانکہ وہ مجھ پر زیادہ تر غصہ ہوتی تھیں، والدہ کا تالیاں بجانا اچھا لگا۔
انھوں نے مزید کہا کہ میں نے کرکٹ کو انجوائے کیا، مینٹور شعیب ملک اور کوچ اعجاز بھائی سے سیکھنا اعزاز ہے، مجھے یہاں پی جے ایل میں سیکھنے کا فائدہ ہو گا۔