پاکستان
30 نومبر ، 2012

حلقہ بندیاں ملکی سطح اور مردم شماری کی بنیاد پر ہونی چاہئیں، رضا ہارون

حلقہ بندیاں ملکی سطح اور مردم شماری کی بنیاد پر ہونی چاہئیں، رضا ہارون

کراچی … متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما رضا ہارون کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم کے ووٹ بینک کو تسلیم نہیں کیا جارہا، ووٹر لسٹوں میں بے قاعدگیوں کی باتیں بے بنیاد ہیں، حلقہ بندیاں مردم شماری کی بنیاد پر ہونی چاہئیں، صرف کراچی میں نئی حلقہ بندیوں سے متعلق ریمارکس دیناغیر جمہوری، غیر اخلاقی اور غیرسیاسی ہیں، ایسی آبزرویشن کو کراچی کے عوام مسترد کرتے ہیں۔ کراچی میں سیکریٹری الیکشن کمیشن سے ملاقا ت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے رہنما رضا ہارون نے کہا کہ ملاقات میں کورٹ آرڈر کا ریکارڈ موجود نہیں تھا، بغیر تحریری عدالتی آبزورویشن کے گفت گو بے سود تھی۔ انہوں نے کہا کہ کسی جماعت کی اجارہ داری کی بنیاد پر کوئی آبزرویشن دینا درست نہیں، اجارہ داری کے لفظ کے استعمال کو غیر جمہوری، متعصبانہ اور غیر آئینی ہی تصور کیا جائے گا، حلقہ بندیاں مردم شماری کی بنیاد پر ہونی چاہئیں۔ رضا ہارون کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم قانون اور آئین کی بالا دستی چاہتی ہے، کراچی کے عوام کے ساتھ پہلے بھی بہت زیادتیاں کی گئی ہیں، ان میں پہلے سے ہی احساس محرومی موجود ہے، ملکی سطح پر حلقہ بندیاں ہونی چاہئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم کے ووٹ بینک کو تسلیم نہیں کیا جا رہا،ووٹر فہرستوں میں بے قاعدگیوں کی باتیں بے بنیاد ہیں، الیکشن کمیشن نے ایک گھر سے 300 سے زائد رجسٹرڈ ووٹوں کے معاملے کی چھان بین کر لی، پٹیشن دائر کرنے والوں نے تحقیق کی ہی نہیں۔

مزید خبریں :